بھٹکل:30جون(ایس او نیوز)عید الفطر کی مناسبت سے مختلف مذاہب کے ذمہ داران اور سیاسی لیڈران کی موجودگی میں اترکنڑا ایڈیشنل ایس پی دیوراج کی صدارت میں جمعرات کوسرکٹ ہاؤس میں پیس میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
ایڈیشنل ایس پی دیوراج نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ تہوار اور عیدین خوشی و مسرت سےمنائے جائیں، اس سلسلے میں محکمہ پولس کی طرف سے تمام طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں اور تعاون کے لئے تیار ہے۔ ہم ہمیشہ ہندو مسلم میں اتحاد چاہتے ہیں کہ آپ مل جل کر اپنی اپنی عیدین منائیں۔ اس تعلق سے ہرایک کا فرض بنتا ہے کہ وہ پرامن طورطریقوں سے عیدوں کو منائیں۔
میٹنگ میں شریک تمام ذمہ داران و لیڈران نے زیادہ تر ہسکام کے مسائل پر گفتگو کی۔ تنظیم کے ذمہ داران نے اس بات پر بھی اعتراض جتایا کہ رمضان میں وقت بے وقت بجلی کی کٹوتی کی جارہی ہے، رمضان اور عید کے موقع پر باربار بجلی سپلائی بند ہونے سے عوام کو ہونے والی تکالیف و مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے افسران سے کہا گیا کہ وہ اس طرف توجہ دیں اور کہا کم ازکم رمضان کے آخری بقیہ پانچ چھے ایام شہر کے عوام کو بجلی کی شکایت نہ ہونے دیں ۔ہسکام افسران نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سے اس طرف توجہ دی جائے گی ۔ذمہ داران نے میٹنگ میں بتایا کہ رمضان بازار میں سواریوں کی ایک طرفہ آمد و رفت کے لئے سہولت مہیا کی گئی ہے،لیکن راستے کنارے ہی سواریوں کو کھڑا کرنے سے ٹرافک نظام میں بدنظمی ہورہی ہے۔ انتظامیہ سے درخواست کی گئی کہ وہ اس طرف توجہ دیں۔ اسی طرح انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا کہ بارش کو دیکھتے ہوئے عید الفطر کی نماز عیدگاہ کے بجائے شہر و تعلقہ کی جامع مساجد میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولس اور انتظامیہ کو اس بات کی بھی جانکاری دی گئی کہ شرپسند عناصرکی کرتوتوں پر نگاہ رکھنے اور حالات کو پر امن بنائے رکھنے کے لئے مجلس اصلاح وتنظیم کی طرف سے رمضان بازار کے اہم ناکون پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
میٹنگ میں سابق بلدیہ ممبر ثناءاللہ گوائی نے روزداروں کے سامنے ہی چائے نوشی تقسیم کئے جانے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کے مہینہ میں پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا اور اسی میں روزداروں کے سامنے چائے پیش کرنا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانےکے مترادف ہے۔ سابق بلدیہ ممبر کی بات پر کچھ ہندو لیڈران نے سخت اعتراض کیا اور ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے میٹنگ سے باہر جانے کی کوشش کی ، مگر افسران نے انہیں اعتماد میں لے کر میٹنگ کو جاری رکھا۔
اس موقع پرمعروف کنڑا ادیب اور انجمن ڈگری کالج بھٹکل کے سابق پرنسپال ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف نے میٹنگ کو بتایا کہ اسلام صبر اور رواداری کی تعلیم دیتاہے ، اسی طرح قرآن کا مفہوم ہے کہ تمہارا دین تمہارے ساتھ ہمارا دین ہمارے ساتھ۔ ہر ایک کو اپنے دھرم پر عمل کرنا فرض بھی ہے۔ سابق بلدیہ ممبر سے میٹنگ میں ہوئی بات پرکچھ لیڈران کو دکھ پہنچنے پر اپنی طرف سے معافی چاہنےکی بات کہتے ہوئے کہاکہ اسلام کی رواداری کا پیغام آفاقی پیغام ہے۔
اس سے قبل بھٹکل سی پی آئی پرشانت نایک نے استقبال کیا ۔ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر چدانند وٹارے ، تحصیلدار وی این باڈکر، میونسپل نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم سید سلیم، تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ، جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری محتشم عبدالرحمن جان، رابطہ سوسائٹی کے سابق جنرل سکریٹری ایس جےسید ہاشم، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے عزیزالرحمن رکن الدین ندوی، عیدگاہ کمیٹی کے نائب سکریٹری جیلانی صدیقہ ، جالی پنچایت ممبر عبدالرحیم، ہندو لیڈران میں شری دھر نائک آسارکیری ، کرشنا نائک ، وینکٹیش نائک، سبھاش کوپی کر سمیت مختلف سرکاری محکمہ جات کے افسران ، سیاسی لیڈران وغیرہ موجود تھے ۔